بنگلورو،23؍جون (ایس او نیوز) کانگریس کے جواں سال قائد سلیم احمد کو آل انڈیا کانگریس کمیٹی کا سکریٹری نامزد کرنے کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے لئے کانگریس انچارج بھی مقرر کیا گیا ہے ۔جناب عزیز احمد کے فرزند سلیم احمد کا جنم یکم جنوری 1964 کو ہوا تھا۔ 1998 میں وہ شیشادری پورم کالج اسٹوڈنٹ یونین کے لئے منتخب ہو کر طالب علمی کے زمانہ ہی سے سیاسی کیرئیر کا آغاز کیا۔1993ء تا 1997ء سلیم احمد آل انڈیا این ایس یو آئی کے صدر کے علاوہ کانگریس پارٹی کے دیگر کئی اہم عہدوں پر فائز رہے ۔2000ء تا 2007ء ریاستی قانون ساز کونسل میں گورنمنٹ چیف وہپ رہے ۔2012ء میں انہیں وزارت امور یوتھ اور اسپورٹس حکومت ہند کے ماتحت آنے والے نہرو یووا کیندرا سنگٹھن کا ڈائرکٹر جنرل بھی نامزد کیا گیاتھا۔ 2014ء میں موصوف نے ہاویری لوک سبھا حلقہ سے کانگریس امیدوار کی حیثیت سے چناؤ لڑ کر بہت کم ووٹوں کے فرق سے چناؤ ہار گئے تھے۔ پارٹی سے وفاداری کے سلسلہ میں کانگریس ہائی کمان نے انہیں ان دو اہم عہدوں سے نوازا ہے جس پر بشمول کئی کانگریس قائدین اور ان کے خیر خواہوں نے مبارکباد پیش کی ہے۔